Thursday, March 28, 2024

نیو کراچی یو پی موڑ پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی

نیو کراچی یو پی موڑ پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی
August 24, 2018
کراچی (92 نیوز) نیو کراچی یو پی موڑ پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی ہو گیا ۔ کراچی میں عید کے تیسرے روز دو گھرانوں کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔ نیو کراچی یوپی موڑ پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق،ایک زخمی ہوگیا، جاں بحق ہونے والوں میں سلیم اور ارشد شامل ہے۔ ایس پی نیو کراچی شبیر بلوچ کہتے ہیں موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے چھ خول ملے ہیں، ابتدائی طور پر ڈکیتی میں مزاحمت کا شاخسانہ لگ رہا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ جاں بحق سلیم اور ارشد کا تعلق بہاولپور سے نکلا، ایم ایل او عباسی شہید اسپتال کے مطابق جاں بحق افراد کو سر اور سینے جبکہ زخمی کو جبڑے میں گولی لگی ہے۔ پولیس کہتی ہے مقتولین کے سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب کورنگی ضیاء کالونی میں دو گروپوں کے تصادم میں گولیاں چل گئیں، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق فائرنگ کرنے والا ایک ملزم پکڑا گیا، جس سے پستول بھی برآمد ہوئی ہے۔