Friday, April 26, 2024

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح تاخیر کا شکار ہو گیا

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح تاخیر کا شکار ہو گیا
April 23, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح تاخیر کا شکار ہوگیا ہے جس کی وجہ تعمیراتی کام اور دفاتر کا تیار ہونا نہیں بلکہ ایئرپورٹ کا آؤٹ سورس نہ ہونا ہے۔ 20 اپریل کو نئے تعمیر شدہ ایئرپورٹ کا افتتاح ہونا تھا ۔ نائنٹی ٹو نیوز نے افتتاح میں تاخیر کی وجہ ڈھونڈ نکالی ۔ موصول دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم افتتاح سے پہلے آؤٹ سورس چاہتے ہیں لیکن صرف تُرک کمپنی نے ٹینڈر بھرا اور صرف 5 فیصد منافع دینے کی حامی بھری۔ سول ایوی ایشن نے ٹینڈر جاری کیا تو صرف تُرک کمپنی ٹی اے وی نے حصہ لیا، اور کہا کہ کمپنی دکانوں سے لیکر مسافروں کی خدمات کی ذمہ دار ہو گی اور منافع کا 5 اعشاریہ 5 فیصد سالانہ ادا کرے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آؤٹ سورس کرنے سے متعلق پاکستانی آڈٹ کمپنی سے رپورٹ بھی مانگی تھی جس نے 34 فیصد سالانہ منافع پر آؤٹ سورس کرنے کی رپورٹ جمع کرائی اور کم منافع پر آؤٹ سورس کرنا نقصان دہ قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور سول ایوی ایشن حکام کو اربوں روپے نقصان کی پرواہ نہیں اور ہر صورت تُرک کمپنی کو ایئرپورٹ دینا چاہتے ہیں ۔ اس سلسلے میں حکام نے تُرک کمپنی سے رابطے بھی کئے، لیکن کوئی جواب نہیں ملا جس کے بعد سی اے اے حکام نے ایئرپورٹ 5 فیصد سے بھی کم میں آؤٹ سورس کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ کی دکانیں اور ریستوران بھی وزیراعظم کے مشیر کی سفارشات پر من پسند افراد کو دیئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے سی اے ای ایمپلائز یونین کی درخواست پر ڈی جی سول ایوی ایشن سے ہوائی اڈے نجی سیکٹر کے حوالے کرنے سے متعلق جواب طلب کر رکھا ہے۔