Tuesday, April 23, 2024

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر 20 ارب روپے بغیر پیپر خرچ ہونے کا انکشاف

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر 20 ارب روپے بغیر پیپر خرچ ہونے کا انکشاف
March 4, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر 20 ارب روپے بغیر پیپر خرچ ہونے کا انکشاف ہو گیا۔ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس میں ایوی ایشن ڈویژن کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر 20 ارب روپے بغیر کسی اندراج کے خرچ کرنے کا انکشاف کیا۔ آڈیٹ حکام نے بتایا ایئرپورٹ کا انفراسٹکچر کا کام میئرمنٹ بک میں درج نہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ نیو ائیرپورٹ پر انفراسٹکچر کا تمام ریکارڈ موجود ہے، جس پر آڈیٹر حکام نے کہا کہ سنٹرل پبلک ورکس اکاؤنٹس کے تحت پیمائش ریکارڈ درج کرنا لازم ہے۔ ائیرپورٹ انتظامیہ نے میئرمنٹ بک کی بجائے مائیکروسافٹ ایکسل پر ریکارڈ فراہم کیا جو خلاف قاعدہ ہے۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیک وقت دو جہازوں کی لینڈنگ نہ ہو سکنے کا انکشاف بھی ہوا۔ آڈٹ حکام کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کے دو رن ویز کے درمیان فاصلہ 210 میٹر رکھا گیا  جبکہ فاصلہ 1035 میٹر ہونا چاہیئے۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ پاکستان میں بیک وقت دو جہازوں کی لینڈگ نہیں ہوتی۔ اس پر شبلی فراز بولے کہ خدا کا خوف کریں یہ وفاقی دارالحکومت کا ایئر پورٹ ہے۔ رانا تنویر نے کہا کہ ایمرجنسی لینڈنگ کی صورت میں کیا دوسرا ہوا میں چکر لگاتا رہے گا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے معاملات پر رپورٹ طلب کرلی۔