Saturday, April 27, 2024

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، مسافر خوار ہونے لگے

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، مسافر خوار ہونے لگے
October 4, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیو اسلام آباد ائیرپورٹ  مسائل کا گڑھ بن گیا  جب کہ انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث مسافر خوار ہونے لگے ، ائیر پورٹ پر کبھی کتوں کا راج ہوتا تو کبھی واش روم کیچڑ سے اٹے ہوتے ہیں ، مسافروں کو سامان کی تلاشی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گزشتہ ہفتے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر آوارہ کتوں کی مٹر گشت کے باعث ائیرپورٹ کے منیجر کو معطل کیا گیا تھا مگر اس کے باوجود ائیرپورٹ پر آوارہ کتوں کا راج بر قرار رہے ۔ ائیر پورٹ پارکنگ میں آوارہ کتا چہل قدمی کرتا رہا لیکن انتظامیہ مستقل بے حسی کا شکار اور  مسافر خوف و ہراس کا شکار نظر آئے ۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ نئے ائیرپورٹ کی چیزیں ابھی سے ٹوٹنا شروع ہو چکی ہیں  ،  واش روم کی صورتحال ابتر ہے ۔ کیچڑ جمع ہو جاتا ہے ۔ ائیرپورٹ پر سامان آف لوڈ ہونے میں خاصا وقت لگ جاتا ہے ،  مسافروں کے مطابق ایک بیگ مل جاتا ہے تو دوسرا بیگ ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد آتا ہے  ۔ ائیرپورٹ پر نجی اور سرکاری پورٹرز کا ہونا بھی سمجھ سے بالا تر ہے  ، سامان والی ٹرالیاں بھی ناقص معیار کی ہیں ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سے ملکی اور غیر ملکی مسافر سفر کرتے ہیں۔ ایئرپورٹ کسی بھی ملک کی پہچان ہوتا ہے۔ حکومت کو ائیرپورٹ کا معیار بہتر بنا کر مسافروں کی شکایات دور کرنی چاہئیں ۔