Saturday, April 20, 2024

نیو ائیر نائٹ پر منچلوں کا جشن ، لاہور ، کراچی اسلام آباد میں آتشبازی کے مظاہرے

نیو ائیر نائٹ پر منچلوں کا جشن ، لاہور ، کراچی اسلام آباد میں آتشبازی کے مظاہرے
January 1, 2019
لاہور (92 نیوز) نیو ائیر نائٹ پر ملک بھر میں منچلوں نے جشن منایا جب کہ  ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کے شاندار مظاہرے کئے گئے جس سے آسمان رنگ و نور میں نہا گیا ۔ کراچی میں سال نو کا جشن منانے کیلئے سی ویو اور پورٹ گرینڈ پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، منچلوں کی بڑی تعداد نے سی ویو اور شہر کی سڑکوں پر نئے سال کا جشن منایا۔ رات کے 12 بجتے ہی شہر  آتشبازی سے آسمان رنگ و نور سے نہا گیا۔ سی ویو پر سال نو کا جشن منانے کے لیے آنے والے منچلے نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر دیوانہ وار رقص کیا، میوزیکل نائٹ شو اور آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے شہریوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ پورٹ گرینڈ میں میوزیکل کنسرٹ میں معروف گلوکار سجاد علی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹا چورنگی پر بھی آتشبازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا جبکہ شہر کی مختلف  سڑکوں پر منچلے نوجوان ٹولیوں کی شکل میں گشت کرتےرہے۔ زندہ دلان لاہور نے بھی نئے سال کا جشن  بھر پور جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔لاہور میں نیو ائیر نائٹ کا جشن مال روڈ، لبرٹی چوک سمیت متعدد علاقوں میں منایا گیا منچلے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے، زندہ دلان لاہور نے نیو ائیر نائٹ پر رات بارہ بجتے ہی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا ۔شہری آتش بازی کا مظاہرہ دیکھ کر لطف اندوز ہو تے رہے۔ نئےسال کی آمد پر شہریوں کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں پر نیوائیر نائٹ منانے کا سلسلہ رات بھر جاری رہا ۔ منچلے ٹولیوں کی صورت میں جشن منانے کے لئے آتے رہے ۔ راولپنڈی کے گیگا مال انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں شہری وہاں پہنچے ۔ آتش بازی کے موقع پر گیگا مال کے باہر موجود شہریوں نے خوب بھنگڑے ڈالے ، کچھ نے سیلفیاں بنائیں تو بعض افراد نے فیملی کے ہمراہ تصویریں بنوائیں۔ کچھ منچلے تو ایسے بھی تھے جنہوں نے میوزک کے ساتھ ڈانس کیا۔ نیو ائیر نائٹ پر پولیس سمیت قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔