Wednesday, April 24, 2024

نینسی پیلوسی نے ایوان کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مسودہ تیار کرنے کا کہہ دیا

نینسی پیلوسی نے ایوان کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مسودہ تیار کرنے کا کہہ دیا
December 5, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ایوان کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مسودہ تیار کرنے کا کہہ دیا۔ امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی شکایت پر جاری کارروائی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ایون نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے اپنے نشریاتی خطاب میں ایوان نمائندگان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں مواخذے کے آرٹیکل مرتب کرنا شروع کر دیں ۔ با الفاظ دیگر وہ الزامات کئے جائیں کہ جن کے تحت صدر کا مواخذہ کیا جانا چاہئیے ۔ امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی کے پاس مواخذے کے آرٹیکل لکھنے کا اختیار موجود ہے ۔ آرٹیکل مرتب کرنے کے بعد کمیٹی طے کرے گی کہ معاملے کو ووٹنگ کے لئے پورے ایوان نمائندگان کی طرف بھیجا جائے ۔ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کو جبکہ سینٹ میں ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے ۔ ایوان نمائندگان میں اگر صدر ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں اکثریت فیصلہ دے دیتی ہے تو پھر معاملہ امریکی سینٹ میں جائے گا جہاں ٹرائل کے ذریعے فیصلہ کیا جائیگا کہ آیا صدر کو ہٹایا جائے یا نہیں ۔ ایوان کی جوڈیشری کمیٹی طے کرے گی کہ آیا صدر ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکل میں یوکرائن کیس سے متعلقہ معاملات کو ہی شامل کیا جائے یا سپشل قونصل رابرٹ ملر کی جانب سے کی جانیوالی تحقیقات کو بھی شامل کیا جائے ۔ سیاسی پنڈتوں کے مطابق ڈیموکریٹس کو مواخذے کی کارروائی کا دائرہ کار وسیع رکھنے سے گریز کرنا چاہئیے ۔ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے سپیکر پلوسی کے حالیہ اعلان اور ڈیموکریٹس کی مواخذے کی کاروائی کو افسوسناک قراردیتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی ہے۔