Saturday, May 11, 2024

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا ملک میں بڑھتے کورونا کیسز پر تحفظات کا اظہار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا ملک میں بڑھتے کورونا کیسز پر تحفظات کا اظہار
March 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے ‏ملک میں بڑھتے کورونا کے مثبت کیسز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ، وفاقی وزیر اسد عمر نے خبر دار کیا ہے کہ اگر ملک میں کورونا کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔

اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب،خیبرپختونخوا اور کمشنر اسلام آباد نے بذریعہ ویڈیو لنک خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کے پھیلاؤ اور عام شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا گیا، صوبوں کو کورونا ایس او پیز پر سخت حکمت عملی کے ساتھ عمل درآمد کروانے کی درخواست کی گئی۔
اجلاس میں  ویکسی نیشن مہم کے عمل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا ،بزرگ شہریوں سے کورونا ویکسینیشن کرانے کی اپیل کی گئی، صوبائی چیف سیکرٹریز کے ساتھ این سی او سی کا فالو اپ اجلاس کل منعقد ہوگا۔

این سی او کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4468 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 67 افراد کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں ملک میں کورونا کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دو ہفتے پہلے پابندیوں میں اضافہ کیا تھا، ہم پابندیاں خوشی سے نہیں لگاتے، اسد عمر کا کہنا تھا کہ پچھلے 12 دن میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

 اگر اسی رفتار سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو ہم پہلی لہر کے لیول سے بھی اوپر چلے جائیں گے۔اسد عمر نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد خوف پھیلانا نہیں ہے، یہ لیڈر شپ دکھانے کا وقت ہے۔ کوشش ہےکہ لوگوں کے روزگار کا بھی نقصان نہ ہو، اگر ہم نے فوری اقدامات نہ کیے تو ایسی صورتحال ابتر ہو سکتی ہے ۔