Wednesday, May 8, 2024

نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو کی میت کراچی سے خضدار روانہ

نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو کی میت کراچی سے خضدار روانہ
August 21, 2020
 کراچی (92 نیوز) نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو کی میت کراچی سے خضدار روانہ کر دی گئی ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج آبائی علاقے نال میں ادا کی جائے گی۔ میر حاصل بزنجو پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔ گزشتہ روز انتقال ہوا۔ بلوچستان کے بزرگ سیاسی رہنماء اور نیشنل پارٹی کے قائد سینیٹر میر حاصل خان بزنجو 3 فروری 1958 کو بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال میں پیدا ہوئے۔ انکے والد غوث بخش بزنجو بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا چمکتا دمکتا ستارہ رہے ۔ میر حاصل بزنجو نے ابتدائی تعلیم خضدار میں حاصل کی اور پھر کراچی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ۔ زمانہ طالب علمی میں ہی سیاسی گھرانے میں پلے بڑھے ۔ میر حاصل بزنجو نے جمہوری سیاست میں قدم رکھا۔ 1990 کے عام انتخابات میں آپ نے نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ آپ نے بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی بنیاد رکھی جو بعد میں نیشنل پارٹی میں ہی ضم ہو گئی۔ سال 2009 میں آپ پہلی بار سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ مارچ 2015 میں ایک بار پھر سینیٹر منتخب ہوئے۔ سینیٹر میر حاصل بزنجو سال 2016 میں وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔ صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، شہباز شریف، بلاول بھٹو، فضل الرحمٰن، چودھری برادران اور دیگر نے میر حاصل بزنجو کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔