Sunday, May 5, 2024

نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا تاج ناردرن کے سر سج گیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا تاج ناردرن کے سر سج گیا
October 24, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا تاج ناردرن کے سر سج گیا ۔ فائنل میں بلوچستان کو 52 رنز سے شکست دے دی۔ 168رنز کے ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی پہلی دو وکٹیں محض چودہ اسکور پر گر گئیں۔ امام الحق 9 اور بسم اللہ خان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے ۔ حارث سہیل 5 رنز بنا سکے ۔ عمران فرحت 32 اور اویس ضیا 28 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ سہیل تنویر نے تین ،محمد نواز اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناردرن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے جس میں عمر امین کی شاندار 60 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔ محمد نواز نے 31 اور شاداب خان نے 25 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ،دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ اننگز بریک میں گلوکارہ آئمہ بیگ کی  شاندار پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے۔ شاندار بیٹنگ پر عمر امین ’’مین آف دی میچ‘‘ کا ایوارڈ لے اڑے ۔ سہیل تنویر  ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر اور اویس ضیا بہترین بلے بازقرار پائے۔