Friday, March 29, 2024

نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن، خیبر پختونخوا، سندھ اور سدرن پنجاب کی سیمی فائنل میں رسائی

نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن، خیبر پختونخوا، سندھ اور سدرن پنجاب کی سیمی فائنل میں رسائی
October 17, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) نیشنل ٹی 20 کپ میں ناردرن، خیبر پختونخوا ،سندھ اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل آج کھیلے جائینگے جن کو  پنک ڈے سے منسوب کر دیا گیا۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کی سیمی فائنل لائن اپ  مکمل۔ ناردرن، خیبر پختونخوا، سندھ اور سدرن پنجاب نے لاسٹ فور میں جگہ بنا لی، دونوں سیمی فائنل آج کھیلے  جائینگے، جن کو پنک ڈے سے منسوب کر دیا گیا، تمام آفیشلزپنک رنگ کی شرٹس پہنیں گے اور وکٹیں بھی گلابی رنگ کی ہوں گی۔ سدرن پنجاب نے بلوچستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سدرن پنجاب کو ایک سو باسٹھ رنز کا ہدف12.3اوور میں حاصل کرنا تھا، صہیب مقصود نے صرف انتیس گیندوں پر اکیاسی رنز بنا کر ٹارگٹ آسان کر دیا، عامر یامین نے صرف نو گیندوں پر تینتس رنز بٹورے، دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت سدرن پنجاب نے صرف دس اعشاریہ چار اوورز میں ہی میچ ختم کر دیا۔ بلوچستان نے  چھ وکٹوں پر 161 رنز  بنائے  تھے، امام الحق نے 48، بسم اللہ خان نے 41اور حارث سہیل نے 24 رنز بنائے۔ دن کے پہلے گروپ میچ میں ناردرن کی ٹیم نے خیبر پختونخوا کو گیارہ رنز سے شکست دے دی، ناردرن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر144 رنز بنائے، وہاب ریاض نے 21 رنز دے کر  پانچ وکٹیں حاصل کی۔ جواب میں کے پی کے کی ٹیم سات وکٹوں پر 133 رنز بنا سکی، محمد حارث 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ناردرن کے حارث رؤف نے تین ،عماد وسیم نے دو ،  وکٹیں حاصل کی۔