Saturday, April 27, 2024

نیب ہیڈکوارٹرز کوبارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ، چیئرمین نیب

نیب ہیڈکوارٹرز کوبارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ، چیئرمین نیب
June 25, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے انکشاف کیاہے کہ نیب ہیڈکوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے ۔چیئرمین نیب نے دھمکی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، بد عنوانی کے خلاف نیب کا بلا تفریق جہاد جاری رہے گا۔ چیئرمین نیب نے لاہور نیب کمپلیکس  کا دورہ کیا،  چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے افسران سے خطاب میں واضح کیا کہ کچھ لوگ  چاہتے ہیں کہ  نیب سیاستدانوں کو گرفتار کر ے  تاکہ وہ سیاسی شہید بن جائیں  ،مگر نیب کیسز میں گرفتاریاں میرٹ پر ہونگی ۔ چیئرمین  نیب نے اپنے خطاب میں نیب کو لاحق خطرات کی بات بھی کی  اور کہا کہ نیب ہیڈکوارٹر کو بارود سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی  مگر دھمکیاں دینے والے جان لیں ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں  ،زندگی اور موت  اللہ کے ہاتھ میں ہے  ،کرپشن کے خلاف کارروائیاں بلاتفریق جاری رہیں گی۔ چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ نیب لاہور نے انتہائی متاثر کن کارکردگی دکھائی  ،  اب تک  بدعنوان عناصر سے برآمد کئے گئے18ارب روپے متاثرین کو لوٹائے جا چکے ہیں  ۔ نیب نے 1328 ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں کھڑا کیا  ،چیئرمین نیب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ اور قانون کے مطابق کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں  ۔