Saturday, April 20, 2024

نیب ہیڈ کوارٹر کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری

نیب ہیڈ کوارٹر کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری
June 26, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) نیب ہیڈکوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی کے بعد نیب ہیڈ کوارٹر کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔ نگران وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے نیب ہیڈ کوارٹرز کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی ۔ نیب ہیڈکواٹرز اسلام آباد کی سکیورٹی پولیس کمانڈوز کے حوالے کر دی گئی ۔  آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی بڑھانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں ۔ نگران وزیرداخلہ نے نیب ہیڈ کوارٹرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات دی تھیں۔ سکیورٹی میں اضافے کی وجوہات نامعلوم افراد کی جانب سے نیب ہیڈ کوارٹر کو بارود سے اڑانے کی دھمکی بتایا جا رہا ہے۔ قبل ازیں چیئرمین نیب نے دھمکی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، بد عنوانی کے خلاف نیب کا بلا تفریق جہاد جاری رہے گا۔ چیئرمین نیب نے لاہور نیب کمپلیکس  کا دورہ کیا،  چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے افسران سے خطاب میں واضح کیا کہ کچھ لوگ  چاہتے ہیں کہ  نیب سیاستدانوں کو گرفتار کر ے  تاکہ وہ سیاسی شہید بن جائیں  ،مگر نیب کیسز میں گرفتاریاں میرٹ پر ہونگی ۔ چیئرمین  نیب نے اپنے خطاب میں نیب کو لاحق خطرات کی بات بھی کی  اور کہا کہ نیب ہیڈکوارٹر کو بارود سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی  مگر دھمکیاں دینے والے جان لیں ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں  ،زندگی اور موت  اللہ کے ہاتھ میں ہے  ،کرپشن کے خلاف کارروائیاں بلاتفریق جاری رہیں گی۔ چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ نیب لاہور نے انتہائی متاثر کن کارکردگی دکھائی  ،  اب تک  بدعنوان عناصر سے برآمد کئے گئے18ارب روپے متاثرین کو لوٹائے جا چکے ہیں  ۔ نیب نے 1328 ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں کھڑا کیا  ،چیئرمین نیب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ اور قانون کے مطابق کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں  ۔