Friday, March 29, 2024

نیب کی نون لیگ کے رہنما امیرمقام کے خلاف نیب انکوئری کی منظوری

نیب کی نون لیگ کے رہنما امیرمقام کے خلاف نیب انکوئری کی منظوری
May 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نون لیگ کے رہنما امیر مقام کے خلاف نیب انکوئری کی منظوری اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف انکوائری عدم شواہد پر بند کر دی گئی۔

چئیرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں این ایچ اے، پاک پی ڈبلیو ڈی، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سابق آئی جی ڈاکٹر مجیب الرحمان، سابق وزیر پیٹرولیم امان اللہ خان جدون اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف انوسٹی گیشن عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا احسان اللہ محسود ، سابق ضلعی ناظم مقبول احمد لہڑی اور ڈاکٹر کلیم اللہ، سابق مئیر میٹر و پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومت بلوچستان میر محمد امین عمرانی  کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ ڈاکٹر نوید، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے افسران، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ شہاب خٹک، ریونیو ڈیپارٹمنٹ گوادر کے افسران کے خلاف سمیت 9  انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح  3 انوسٹی گیشنز کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران، اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری مزید کاروائی کیلئے ڈی جی سی اے اے  جبکہ این ٹی ڈی سی کے افسران، اہلکاران اور دیگر کے خلاف تین انکوائریز نیپرا کو بھجوانے کی منظوری دی گئی۔