Friday, April 26, 2024

نیب کسی وزیر کی خواہش پر گرفتاریاں نہیں کر سکتا، اعلامیہ ‏

نیب کسی وزیر کی خواہش پر گرفتاریاں نہیں کر سکتا، اعلامیہ ‏
January 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نیب کسی وزیر کی خواہش پر گرفتاریاں نہیں کر سکتا، نیب نے اپنے اعلامیے میں واضح کر دیا ، جاری کر دہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ جعلی اکاؤنٹس کے کیس میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔ قومی احتساب بیورو کی جانب سے وفاقی وزیر کے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کا متن طلب کرنے کا بھی  فیصلہ کیا گیا ہے۔گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے  مراد علی شاہ ، آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار نہ کرنے کا شکوہ کیا تھا ۔ فواد چودھری کی خواہش اپنی جگہ تاہم قومی احتساب بیورو کا ردعمل سامنے آ گیا ،جاری کردہ اعلامیے میں دوٹوک کہا گیا ہے کہ ایک وزیر کی خواہش پر مراد علی شاہ ، آصف زرداری یا فریال تالپور کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ  جعلی اکاؤنٹس کیس میں قانون اپنا رستہ خود بنائے گا  اور  قانون ،آئین کے مطابق کام کرتا ہے ، ہر معاملے میں کچھ قانونی موشگافیاں ہوتی ہیں جن کو حل کرنے میں وقت لگتا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق قومی احتساب بیورو ہر قسم کے دباؤ  کو یکسر مسترد کرتا ہے اور نہ ہی نیب سست روی کا شکار ہے ، جعلی بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے ابھی تک سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقول حاصل نہیں ہوئیں ۔ چند روز قبل چیئرمین نیب نے  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی احتساب بیورو این آر او کی کسی بھی شکل کا حصہ نہیں بنے گا، نیب کا کسی حکومت یا گروپ سے کوئی تعلق نہیں ۔