Saturday, April 27, 2024

‘نیب کرپشن کرنیوالوں کا سہولت کار بنا ہوا ہے’

‘نیب کرپشن کرنیوالوں کا سہولت کار بنا ہوا ہے’
January 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) نیب کرپشن کرنے والوں کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔ نیب اخبار میں کرپشن کے حق میں اشتہار کیوں نہیں شائع کراتا؟ اڑھائی سو روپے رشوت لینے پر نائب قاصد جیل جاتا ہے۔ اڑھائی کروڑ لینے والے کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔ نیب میں رضاکارانہ رقوم کی واپسی سے متعلق کیس میں جسٹس عظمت سعید کے ریمارکس۔ جسٹس امیرہانی کہتے ہیں نیب کسی بڑے آدمی کو کیوں نہیں پکڑتا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب کے رضاکارانہ رقم کی واپسی کے قانون سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس عظمت سعید شیخ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ حکومت کا اس قانون سے متعلق کیا موقف ہے۔ ایک ہفتے میں جواب دیا جائے۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ رضاکارانہ رقم واپسی کا قانون نیب نے تو نہیں بنایا۔

ماتحت عدالتوں کی طرف سے ہی رضاکارانہ رقم واپسی سے متعلق ہدایات ملتی ہیں۔ جسٹس امیرہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ عدالتوں کی طرف سے آپ ایسی ہدایات کے پابند نہیں۔ نیب اپیل بھی کرسکتی ہے۔ اگر پکڑنا ہے تو کسی بڑے کو پکڑیں۔

کال آف نوٹس کے بعدرضاکارانہ واپسی نہیں ہوسکتی۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ بڑے کو پکڑیں تو شور مچ جاتا ہے۔ 40ارب روپے کا شور مچا دیا گیا جبکہ بلوچستان کا بجٹ بھی اتنا نہیں۔

عدالت نے کیس کو 3رکنی بنچ کے روبرو سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ اسی نوعیت کے دیگر زیرسماعت کیسوں کو بھی اکٹھا سنا جائیگا۔ کیس کی دوبارہ سماعت 2ہفتوں کے بعد ہوگی۔