Friday, May 10, 2024

نیب کا نوٹس غیر قانونی، گرفتار کیا گیا تو پہلے خطرناک ثابت ہونگا، بلاول کا اعلان

نیب کا نوٹس غیر قانونی، گرفتار کیا گیا تو پہلے خطرناک ثابت ہونگا، بلاول کا اعلان
December 23, 2019
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن کے خلاف نیب کی کارروائیوں اوررہنمائوں کی گرفتاریوں پر برہم ہوگئے، نیب کے طلبی کے نوٹس کوغیر قانونی قرار دیدیا، 24 دسمبر کو نیب میں پیش نہ ہونے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت پر بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے جلسے پر رکاوٹیں ڈالنے کا الزام عائد کردیا ۔ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں کہا چیف جسٹس نے خود کہاتھا بلاول بھٹو معصوم اور بے گناہ ہے، اپوزیشن کو بلاجواز ہراساں کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے، آمرانہ طریقے سے ملک نہیں چل سکتا، عدلیہ سے عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کردیا۔ بلاول بھٹو نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہمت ہے تو گرفتار کرکے دکھائیں،گرفتار ہوا تو پہلے سے زیادہ خطرناک ہو جائوں گا۔اپنے وکلا کے ذریعے نیب کو تفصیلی جواب دیاہے، ہم نے کہا تھا کہ 24 دسمبر کو پیش نہیں ہونگے، ہم میں اور آمروں میں فرق ہے، ہم ہرفورم کے سامنے خود کو پیش کرتے ہیں، نیب پر اعتراضات کے باوجود خود کو آئندہ بھی پیش کرونگا۔ ان کا کہنا تھا جو اپوزیشن رہنماء بولتا ہے اسکو گرفتار کیا جاتا ہے، ایک سال میں صرف اپوزیشن کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، چیئرمین نیب نے کہا تھاکہ بی آر ٹی کا ریفرنس تیار ہے۔ کیا خیبرپختونخوا میں کسی وزیر کو نیب کونوٹس ملا؟۔ انہوں نے کہا کہ نااہل ترین ڈپٹی وزیراعظم کاروبار حکومت چلا رہا ہے، یکطرفہ احتساب کو بند کرایا جائے، خادم رضوی اورمولانا فضل الرحمن کو دھرنے کی آزادی دی جاتی ہے، میں 27 دسمبر کو بےنظیربھٹو کی برسی پنڈی میں مناوں گا، بےنظیر کا عوامی ایجنڈا مظلوم طبقات کے لئے تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بولے کہ اس ملک حکومت کی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی، حکومت کے وزیروں کو نیب کیسز کا پہلے سے کیسے پتہ چل جاتا ہے، اپنے خلاف کیسز کو یکسر مسترد کرتاہوں، اگلا سال الیکشن کا سال ہے۔