Thursday, April 25, 2024

نیب کا عقیل کریم ڈھیڈی کو کلین چٹ دینے کا فیصلہ

نیب کا عقیل کریم ڈھیڈی کو کلین چٹ دینے کا فیصلہ
January 11, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) نیب بااثر شخصیات کے دباؤ سے نہ نکل سکا ۔ قومی خزانے کو 50 کروڑ کا ٹیکہ لگانے والے بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی کو کلین چٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ۔ اے کے ڈی رئیل اسٹیٹ نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کو سول لائنز کراچی میں ہزاروں مربع گز اراضی مہنگے داموں فروخت کی تھی ۔

چینل 92 نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے عقیل کریم ڈھیڈی کی اے کے ڈی رئیل سٹیٹ کمپنی سے 15جولائی 2010ءمیں سول لائنز کراچی کی 3ہزار 509 مربع گز اراضی ایک لاکھ 75ہزار روپے فی مربع گز میں خریدی تھی ۔

حالانکہ اوپن مارکیٹ میں اراضی کی قیمت ایک لاکھ سے سوا لاکھ روپے فی مربع گز بنتی تھی ۔ اس سارے معاملے میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے بعض افسران نے اے کے ڈی رئیل سٹیٹ سے ملی بھگت کرکے قومی خزانے کو 50 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔

 سماجی کارکن وقاص احمد نے 2014ءمیں نیب کو تحقیقات کےلئے درخواست بھی دی ۔ تاہم جب نیب سے سنوائی نہ ہوئی تو انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔

عدالتی حکم پر نیب نے سندھ ریونیو بورڈ کو اراضی کی مالیت کے تعین کی ہدایت کی ۔ سندھ ریونیو بورڈ کے مختارکار آف سول لائن نے اراضی کی مالیت کا تعین کرکے نیب میں رپورٹ جمع کرائی۔ جس میں پی پی ایل انتظامیہ اور اے کے ڈی رئیل اسٹیٹ کو اضافی قیمت پر ٹرانزیکشن کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

مختار کارنے اپنی رپورٹ میں سول لائنز کے علاقے میں اراضی کے 2بڑے سودوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ 2014ء میں سول لائنز میں امریکن قونصلیٹ کی 13ہزار101مربع گز اراضی ہاشو پرائیویٹ کو 1لاکھ 8ہزار491 روپے فی مربع گزپر کھلی بولی کے ذریعے فروخت کی گئی۔  2012ءمیں سول لائنز کے علاقے میں پاکستان ریلوے کا 3 ہزار125مربع گز کا پلاٹ کھلی بولی کے ذریعے 81ہزار800فی مربع گز پر فروخت کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سندھ ریونیو بورڈکی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اب ڈیڑھ سال بعدعقیل کریم ڈھیڈی کےخلاف تحقیقات بند کرنے کی تیاری کرلی ہے ۔

نیب کراچی کی سفارش پر نیب کا ایگزیکٹو بورڈ تحقیقات بند کرنے کی منظوری دے گا۔