Monday, May 6, 2024

نیب کا سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ

نیب کا سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ
June 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب کے مطابق سلمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔ برطانیہ سے بھی سلمان شہباز کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ قانون کے مطابق سلمان شہباز کو واپس لانے کے لیے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ آمدن سے زائداثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست کی تھی جس پر لاہور کی احتساب عدالت نے 28 اکتوبر 2019 میں اپوزیشن لیڈر کے بیٹے سلمان شہباز کو مسلسل عدم پیشی پر اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ عدالت کے حکم پر نیب سلمان شہباز کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد اور بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمد کرچکا ہے، شہباز شریف کے صاحبزادے نیب کیسز شروع ہونے کے بعد سے لندن میں مقیم ہیں۔ اس سے قبل سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، نوازشریف کے دونوں صاحبزادے حسین نواز، حسن نواز اور شہبازشریف کے داماد علی عمران بھی عدالت کے حکم پر اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں۔