Friday, May 3, 2024

دفترخارجہ کا ڈائریکٹر اور نیب افسر کرپشن پر گرفتار‘ 23افسروں اور ملازمین کو سزائیں

دفترخارجہ کا ڈائریکٹر اور نیب افسر کرپشن پر گرفتار‘ 23افسروں اور ملازمین کو سزائیں
May 17, 2016

اسلام آباد/ کراچی (92نیوز) قومی احتساب بیورو نے ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں ڈائریکٹر فارن آفس شفقت علی چیمہ کو گرفتار کر لیا۔ دفتر خارجہ کے افسر کے اکاونٹ سے پانچ کروڑ روپے کا سراغ ملا ہے۔ نیب ٹیم کو گرفتاری کے وقت ملزم کی جانب سے سخت مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ادھرکرپشن کی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں نیب والے بھی کسی سے پیچھے نہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرپٹ افراد کو پکڑنے والے بھی کرپٹ نکلے۔ نیب کے ریوڑ کی کالی بھیڑیں ایک ایک کرکے سامنے آنے لگیں۔ قومی احتساب بیورو کراچی نے بدعنوانی کے الزام میں اپنے ہی افسر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران علی جانوری ہے جس پر کرپشن اور غیر قانونی حربے استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔

ادھر پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر ڈی جی نیب اور انویسٹی گیشن افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ تھانہ حیات آباد میں درج ایف آئی آر کی کاپی نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی۔ نیب حکام پر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار اپنے ہی نائب قاصد گل خطاب پر تشدد کا الزام ہے۔

دوسری جانب نیب اسلام آباد نے دفتر خارجہ میں چھاپہ مار کر ڈائریکٹر شفقت علی چیمہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان نیب کے مطابق چھاپے کے وقت ملزم اور اس کے ساتھیوں نے نیب ٹیم پر دھاوا بھی بولا۔ ملزم شفقت چیمہ پر ناجائز اثاثے بنانے کا الزام ہے جبکہ اس کے اکاونٹ سے پانچ کروڑ روپے کا سراغ بھی ملا ہے۔

ملک بھرکی طرح بلوچستان میں بھی کرپٹ مافیا کے خلاف مہم جاری ہے۔ اینٹی کرپشن کورٹ کوئٹہ نے محکمہ تعلیم اور خزانہ میں کروڑوں روپے کی بدعنوانی پر تین خواتین سمیت 23 افسروں اور ملازمین کو جرمانہ اور سات سے آٹھ سال قید کی سزائیں سنائیں جبکہ 39 گھوسٹ ٹیچرز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔