Thursday, March 28, 2024

نیب ٹیم کا لاڑکانہ میں صوبائی وزیر سہیل انور سیال کی رہائش گاہ پر چھاپہ

نیب ٹیم کا لاڑکانہ میں صوبائی وزیر سہیل انور سیال کی رہائش گاہ پر چھاپہ
September 2, 2020
 لاڑکانہ (92 نیوز) نیب ٹیم نے لاڑکانہ میں صوبائی وزیر سہیل انور سیال کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ گاؤں فرید آباد سمیت تین مقامات پر کارروائی کی گئی۔ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں صوبائی وزیر آبپاشی سہیل سیال کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا۔ لاڑکانہ میں صوبائی وزیر کی محل نما رہائشگاہ سمیت انکے بھائی طارق سیال، مبینہ فرنٹ مین اسد کھرل کے گھروں پر بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ نیب ٹیم نے سہیل سیال کے ملازمین اور اسد کھرل کے اہل خانہ سے 2 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور بیانات قلمبند کیے۔ نیب کی ٹیم نے صوبائی وزیر کے بھائی طارق انور سیال سے چند دستاویزات پر دستخط لیے۔ طارق انور سیال نے دعوی کیا کہ نیب والوں کو گھر سے کچھ نہیں ملا، اگر ملتا تو وہ کبھی خالی ہاتھ واپس نہ جاتے۔ بدین کے دورے پر موجود سہیل سیال نے نیب کی کارروائی کو سیاسی انتقام سے تشیبہ دیتے ہوئے کہا جس رہائشگاہ پر چھاپہ مارا گیا وہ جائیداد والد کے نام پر ہے، ایف بی آر ریکارڈ میں ڈکلیئر ہے، نیب کو وہاں سے کچھ نہیں ملا۔ نیب ذرائع کے مطابق اسد کھرل ٹی ایم اے باقرانی کے ملازم اور سہیل سیال کے متعدد کاروباری معاملات میں شیئر ہولڈر ہیں جبکہ طارق سیال کے ساتھ متعدد ہائوسنگ سوسائیٹیز کے پراجیکٹس بھی چلا رہے ہیں۔