Thursday, April 25, 2024

نیب نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا

نیب نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف احتساب عدالت  میں ریفرنس دائر کردیا
September 6, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کےخلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کردیا۔ ریفرنس  میں سابق وزیراعظم پر کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال اور ایک کمپنی کو غیرقانونی طور پر ٹھیکہ دینے کا الزام ہے، رجسٹرار آفس احتساب عدالت نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔ جانچ پڑتال مکمل ہونے پر ریفرنس احتساب عدالت نمبر ایک کو بھیجا جائے گا ، ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیااور غیرقانونی طور پر ٹھیکہ دیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ جانچ پڑتال مکمل ہونے پر احتساب عدالت یوسف رضا گیلانی کو طلب کرے گی۔ ریفرنس میں سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی فاروق اعوان ، سابق سی ای او یونیورسل سروسز فنڈ ریاض اشعر صدیقی ، اشتہاری کمپنی میڈاس کے سی ای او انعام اکبر اور دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے اشتہاری مہم میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر میڈاس کو ٹھیکہ دیا، میڈاس کے سی ای او انعام اکبر پر الزام ہے کہ  انھوں نے محکمہ اطلاعات ونشریات کے قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر کسی ریلیز آرڈر کے میڈیا پر اشتہاری مہم چلائی۔ انھوں نے یونیورسل سروسز فنڈ کے اشتہارات ایسے چینلز کو جاری کیے جو کبھی بھی فنڈ کے پینل لسٹ میں نہیں رہے۔ اشتہاری مہم کے لئے مقابلے کا کوئی اہتمام کیا گیا نہ پیمرا کے قوائد ضوابط کا خیال رکھا گیا۔