Wednesday, April 24, 2024

نیب نے ڈاکٹر عاصم سے دوران تفتیش اہم معلومات حاصل کر لیں

نیب نے ڈاکٹر عاصم سے دوران تفتیش اہم معلومات حاصل کر لیں
December 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) قومی احتساب بیورو نے ڈاکٹر عاصم حسین سے تفتیش کے دوران ان کی بیرون ملک جائیداد اور کاروبار کی تفصیلات حاصل کرلیں۔ ڈاکٹر عاصم سے تفتیش کے چھ سیشن ہوئے۔ نیب ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے دبئی میں امتیاز ہاشمی اور عارف زرغونی کی شراکت میں ضیاءنامی ہسپتال قائم کررکھا ہے۔ لندن میں ایک اور دبئی میں دو گھر ڈاکٹر عاصم کی ملکیت ہیں۔ انہوں نے لندن میں رئیل اسٹیٹ بزنس میں چار ارب روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔ دوران تفتیش یہ انکشاف بھی ہوا کہ ضیاءالدین ٹرسٹ کے ذریعے دو ارب روپے لندن منتقل کیے گئے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کو انیس سو چورانوے میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیر پیر مظہرالحق نے ناظم آباد اور کلفٹن میں اسپتالوں کے لیے زمین فراہم کی تھی۔ نیب ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم تفتیش کے دوران سینے میں درد اور انفیکشن کی دہائیاں دیتے رہے۔ ایک سرکاری معالج سے دن میں دوبار ڈاکٹر عاصم کا معائنہ بھی کرایا جا رہا ہے۔