Friday, May 10, 2024

نیب نے پی پی رہنما شرجیل میمن کےخلاف درخواست واپس لے لی

نیب نے پی پی رہنما شرجیل میمن کےخلاف درخواست واپس لے لی
December 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب نے پی پی رہنماشرجیل میمن کےخلاف درخواست واپس لے لی جس پر عدالت نے  وارنٹ گرفتاری کی معطلی سے متعلق کیس نمٹا دیا ، عدالت نے قراردیا کہ سندھ ہائی کورٹ کی نیب کےخلاف آبزرویشنزٹرائل پراثراندازنہیں ہوگی۔ شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کےخلاف نیب کی درخواست پر جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین پرمشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے دلائل دیے کہ سندھ ہائی کورٹ نے پہلے نیب کے وارنٹ معطل کیے ، پھر شرجیل میمن نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے رجوع کیا ، جو سندھ سندھ ہائی کورٹ میں زیرالتوا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ نیب نے ہائیکورٹ کا عبوری حکم چیلنج کیا ، جسٹس امین الدین نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ کا حکم کالعدم ہوجائے تو بھی فرق نہیں پڑے گا ، نیب اپیل منظور ہوجائے تو بھی فائدہ نہیں ہونا۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ چاہتے ہیں ہائی کورٹ کا فیصلہ مستقبل کےلیے مثال نہ بنے ، جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کہ اگر درخواست واپس لے لیں تو یہ آبزرویشن دے سکتے ہیں۔ عدالت نے نیب کی جانب سے درخواست واپس  لینے پر کیس نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ سندھ ہائی کورٹ کا وارنٹ معطلی کا فیصلہ کیس میں بطور نظیر استعمال نہیں ہوگا۔ دوسری جانب خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی ہوگئی۔