Saturday, April 20, 2024

نیب نے وفاقی وزیر غلام سرور اور اہل خانہ کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں

نیب نے وفاقی وزیر غلام سرور اور اہل خانہ کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں
May 15, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن کے بعد حکومتی شخصیات بھی نیب کے ریڈار پر آ گئیں۔ وفاقی وزیر غلام سرور خان کے اثاثوں کی چھان بین شروع ہو گئی۔ نیب نے ڈسٹرکٹ کلکٹر کو خط لکھ کر غلام سرور اور اہل خانہ کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں۔ نیب راولپنڈی نے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جائیداد کی چھان بین شروع کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کلیکٹر کو خط لکھ کر غلام سرور خان انکے بیٹے ممبر قومی اسمبلی منصور حیات خان، بیٹی اور دیگر خاندان والوں کی جائیداد کی تفصیلات  طلب کرلیں۔ غلام سرور خان کے نام پر جو جائیداد اب تک خریدی یا فروخت کی گئی اس کی تفصیل بھی طلب کر لیں گئیں۔ نیب غلام سرور خان کیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ مختلف محکموں سے ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد غلام سرور خان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ہو گا۔ نیب نے غلام سرور خان اور ان کے اہلخانہ سے جائیداد کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ نیب کی جانب سے ڈسٹرکٹ کلیکٹر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ زرعی کمرشل اور رہائشی زمینوں سمیت خریدے گئے پلاٹس کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ ٹیکسلا کے متعلقہ پٹواری کے ذریعے ریکارڈ جمع کرایا جائے۔ نیب کے خط میں کہا گیا ہے کہ غلام سرور خان کے خلاف موصول شکایت کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ غلام سرور خان نے حالیہ الیکشن میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو شکست دی تھی ۔