Friday, May 17, 2024

نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کوتحریری سوالنامہ بھجوا دیا

نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کوتحریری سوالنامہ بھجوا دیا
June 6, 2020

راولپنڈی ( 92 نیوز) نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھجوا دیا جس میں پوچھا گیا ہے کہ بطور وزیرخزانہ روشن سندھ پروگرام میں سیکرٹری فنانس کی تجاویز کو کیوں نظرانداز کیا؟ ، پروگرام بغیرفزیبلٹی کے کیوں شروع کیا گیا؟ ۔ مراد علی شاہ کو 2 ہفتوں میں تحریری جواب نیب راولپنڈی کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے ارسال کردہ  28 سوالات پر مشتمل سوالنامے میں مراد علی شاہ سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری کی سندھ روشن پروگرام کےلیے پی سی ٹو کے تحت فزیبلٹی کی نشاندہی پر بھی توجہ کیوں نہیں دی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سولرلائٹس کوغیر معیاری کہا اسے کیوں نظرانداز کیا گیا ، کیا یہ درست ہے کہ آپ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے قائم کمیٹی کو بھی منصبوے پر مطمئن نہیں کرپائے تھے؟۔

نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ سے پوچھا ہے کہ کیا یہ درست ہے کہ اسکینڈل کے ماسٹر مائنڈ شرجیل میمن کی ایما پرآپ نے فنڈز جاری کئے؟ ، شرجیل میمن من پسند کمپنیوں کو ٹھیکہ دے کر کِک بیکس وصول کر چکے۔

یہ سوال بھی کیا گیا ہے کہ شرجیل میمن کے ساتھ کرپشن میں ملوث ملزمان پلی بارگین سے رقم واپس بھی کر چکے اس پر آپ کیا کہیں گے؟۔

وزیراعلیٰ سندھ کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ تحریری جواب کی روشنی میں کیا جائے گا۔