Monday, May 13, 2024

نیب نے مریم نواز کیخلاف انوکھی درخواست دائر کردی، شاہد خاقان عباسی

نیب نے مریم نواز کیخلاف انوکھی درخواست دائر کردی، شاہد خاقان عباسی
March 13, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے نیب نے مریم نواز کیخلاف انوکھی درخواست دائر کردی۔ موقف اختیار کیا کہ مریم نواز اداروں کے خلاف بولتی ہیں اور حکومت پر تنقید کرتی ہیں، مریم نواز کیخلاف کسی کیس کو بنیاد نہیں بنایا گیا۔

ہفتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا نیب چاہتا ہے کہ مریم نواز کی زبان بندی کی جائے۔ ملک میں تماشے نہ لگائے جائیں، عدالت بھی کہتی ہے نیب ملک میں سیاست کررہی ہے۔ آج کسی حکومت یا ملکی ادارے نے بات نہیں کی، تکلیف ہے تو نیب کو ہے، جس بنیاد پر بیل دی گئی تھی اس پٹیشن میں اس کا کہیں ذکر نہیں ہے۔ نیب کی حقیقت آج قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا، نیب کو ان پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے تھی جنہوں نے مریم نواز کا راستہ روکا تھا، ان کی بلٹ پروف گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔ یہ صرف ڈرانے دھمکانے کی کوشش ہے۔ آج عدالتوں کے ذریعے سیاسی زبان بندی کی کوشش کی جارہی ہے۔ جب دلیل سے کچھ نہ ملا تو پھر اس قسم کی پٹیشن دائر کی جا رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا عدالت اس پٹیشن کے ذریعے وقت ضائع کرنے پر نیب کو نوٹس بھی کرے گی اور جرمانہ بھی، نیب براڈشیٹ کیس میں بھی جرمانہ دے کر گھر آیا تھا، مسلم لیگ ن حق کی بات کرتی رہے گی، ہم جیلوں سے نہیں گھبراتے۔

انہوں نے کہا، احتساب کے ادارے بھی احتساب سے بالاتر نہیں ہوتے۔ یہ بات چیئرمین نیب کو جتنی جلدی سمجھ آجائے اتنا ہی اچھا ہے۔ نیب حکومت گٹھ جوڑ نہیں چلے گا۔ جو ملک کے اداروں اور سیاست کو تباہ کررہے ہیں اِن کا انجام جلد سب کے سامنے آئے گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا، چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ہدایات کے مطابق ہی ووٹ کاسٹ کیے گئے، پریزائیڈنگ افسر کی آنکھیں بھی چیئرمین نیب کی طرح بند ہیں۔