Friday, April 19, 2024

نیب نے لیگی قائد نوازشریف کی سزا معطلی کی مخالفت کر دی

نیب نے لیگی قائد نوازشریف کی سزا معطلی کی مخالفت کر دی
June 15, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) قومی احتساب بیورو نے لیگی قائد نوازشریف کی سزا معطلی کی مخالفت کر دی۔ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر اپنا جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جع کرا دیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کی جانب سے 12 صفحات پر مشتمل جواب میں نیب نے موقف اپنایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف کی صحت خرابی کا تاثر درست نہیں۔ مجرم کی درخواست بھی ہارڈشپ کے اصول پر پورا نہیں اترتی۔ جواب میں نیب نے آگاہ کیا کہ احتساب عدالت نے تمام شواہد کو دیکھ کر نوازشریف کو سزا سنائی۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل زیر سماعت ہے۔ ایسے وقت میں سزا معطلی کی درخواست قابل سماعت نہیں ہوتی۔ نوازشریف سزا یافتہ مجرم ہیں، رہا نہیں کیا جا سکتا۔ نیب نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق نوازشریف کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔ ڈاکٹرز نے سرجری کی بھی سفارش نہیں کی۔ نیب نے نوازشریف کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرنے کی استدعا کر دی۔ ساتھ ہی درخواست دائر کرنے پر نوازشریف کو جرمانہ کرنے کی بھی سفارش کر دی۔ جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 19 جون کو درخواست پر دوبارہ سماعت کرے گا۔