Friday, April 26, 2024

نیب نے فواد حسن فواد کے گھر سے اہم کاغذات،5 موبائل فونز قبضہ میں لے لئے

نیب نے فواد حسن فواد کے گھر سے اہم کاغذات،5 موبائل فونز قبضہ میں لے لئے
July 7, 2018
لاہور (92 نیوز) نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں طاقتورترین بیوروکریٹ فواد حسن فواد کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا۔ اُن کے گھر سے اہم شواہد حاصل کر لئے۔ نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے گھر کی تلاشی لی۔ ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران فواد حسن فواد کے گھر سے اہم دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں،جن میں سے بہت سی ملکی سالمیت سے متعلق ہیں۔ فواد حسن فواد کے گھر سے دو لیپ ٹاپ ،گاڑی سے ایک بلیک بیری سمیت پانچ موبائل فونز بھی قبضے میں لے لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے بلیک بیری کا پاس ورڈ بھی حاصل کر لیا۔ فواد حسن فواد کے بیگ سے تیس سے زائد یو ایس بی بھی قبضے میں  لی گئی ہیں۔ فواد حسن فواد کے لیب ٹاپ اور موبائلز فونز کا فرانزک آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے بطور سیکرٹری امپلیمنٹیشن برائے وزیر اعلیٰ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹوکو آشیانہ پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کئے ۔ سابقہ دور حکومت میں سب سے طاقتور سمجھے جانے والے بیوروکریٹ فواد حسن فواد پر مہنگے موبائل ہیلتھ یونٹ خریدنے، جعلی این او سی کےذریعےنو سی این جی اسٹیشنزکی منتقلی کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق فواد حسن فواد کے اقدامات سے ملکی خزانے کو اربوں کا نقصان ہوا، گرفتاری کے بعد ان سےڈھائی گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی مگروہ تفتیشی ٹیم کومطمئن نہ کر سکے۔