Thursday, April 25, 2024

نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کر لیا

نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کر لیا
June 14, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو گرفتار کر لیا۔ ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔ فریال تالپور کو کل احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔ نیب کی ٹیم نے فریال تالپور کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹر کی ٹیم کو زرداری ہاؤس طلب کر لیا ہے۔

فریال تالپور نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت میں 5 مرتبہ توسیع حاصل کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور اور آصف زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد سابق صدر آصف زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔

 منی لانڈنگ کیس 2015 میں پہلی دفعہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اُس وقت اٹھایا گیا، جب مرکزی بینک کی جانب سے ایف آئی اےکو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ بھیجی گئیں تھیں۔

ایف آئی اے نے ایک اکاؤنٹ سے مشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جس کے بعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں تھیں ۔

 ذرائع کے مطابق فریال تالپور کا آج ہی طبی معائنہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز کی ٹیم گھر پر ہی طبی معائنہ کرے گی ۔ فریال تالپور کو کل جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت پیش کیا جائے گا ۔ تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

 ادھر پی پی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا فریال تالپور کی گرفتاری افسوسناک اور احتساب کے خلاف ہے۔ اس سے اداروں پر تبصرہ کرنے کی گنجائش پیدا ہورہی ہے۔