Monday, May 13, 2024

نیب نے علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ‏

نیب نے علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ‏
April 23, 2019

لاہور ( 92 نیوز) نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینئر وزیر پنجاب علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ۔

آمدن سے زائد اثاثےاور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزام میں نیب کی زیرحراست  تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کیلئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی ۔

چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی منظوری سے نیب لاہور نے علیم خان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیس سفارش کردی اور وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ علیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنیوں کی تحقیقات چل رہی ہیں وہ30 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں ، ضمانت کی صورت میں علیم خان بیرون ملک جاسکتے ہیں، انہیں باہر جانے سے روکنے کےلیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

علیم خان کو6 فروری 2018 کو نیب نے گرفتار کیا تھا، انہیں متعدد بار احتساب عدالت لاہورمیں پیش کیا جاچکا ہے، 21 اپریل کواحتساب عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کی تھی۔