Friday, April 19, 2024

نیب نے شہباز شریف اور فیملی کی جائیدادیں منجمد کرنا شروع کردیں

نیب نے شہباز شریف اور فیملی کی جائیدادیں منجمد کرنا شروع کردیں
July 18, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نیب نےاپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی شہباز شریف اوران کی فیملی کی جائیدادیں منجمد کرنےکاعمل شروع کردیاہے،32 منقولہ وغیرمنقولہ جائیدادیں منجمدکرنے  کے لیے مراسلے تحریر کر دیے گئے ۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی جائیدادیں منجمد کرنے کا عمل شروع ہو گیا، ایس ای سی پی کو شہبازشریف کی 14 کمپنیاں منجمد کرنے کے لیےمراسلہ لکھاگیاہے۔ ان کمپنیوں میں رمضان شوگر ملز ، یورپین ایشین ٹریڈنگ کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ ، مدینہ ٹریڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ ، شریف فیڈملزپرائیویٹ لمیٹڈ ، مدینہ کنسٹرکشن کمپنی  پرائیویٹ لمیٹڈ ، شریف پولٹری فارمزپرائیویٹ لمیٹڈ ، شریف ڈیری فارمز پرائیویٹ لمیٹڈ ، رمضان انرجی لمیٹڈ ، شریف ملک پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ ، کرسٹل پلاسٹک پرائیویٹ لمیٹڈ ، چنیوٹ پاور لمیٹڈ  ، اے جی انرجی کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ  ، العریبیہ شوگر ملز لمیٹڈ اور  یونیٹاس پاور پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں ۔ نیب نے ڈی ایچ اے لاہور کو شہبازشریف  کی اہلیہ تہمینہ درانی کے نام فیزفائیو کے ، اے بلاک  میں واقع دوگھر 8/7 اور 8/8  منجمدکرنے کے لیے مراسلہ لکھا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو  کے بلاک ، جوہرٹاؤن میں واقع  شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کے نام  9 پلاٹ بھی منجمد کرنے کامراسلہ جاری کردیاگیا ، ان پلاٹوں میں جوہر ٹاؤن کے بلاک میں واقع پلاٹ نمبر 61 اے ،  پلاٹ نمبر 62، 63، 64، 65، 68، 69، 70 اور 71 شامل ہیں ۔ نیب نے   سیکریٹری ماڈل ٹاؤن سوسائٹی لاہور کو شہبازشریف کی  اہلیہ نصرت شہباز کے نام ایچ بلاک میں واقع  پلاٹ نمبر 87، اور پلاٹ نمبر 96 منجمد کرنے کے لیے خط لکھا ہے ۔

بے نامی جائیداد رکھنے والے لاہور کے 45افراد کو نوٹسز بھجوانے کا فیصلہ

جوڈیشل ایمپلائز کواپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی میں چارپلاٹ منجمد کرنے کے لیےخط لکھا گیاہے ۔ ان پلاٹوں میں فیز ون میں واقع ایک کنال 5 مرلہ کا پلاٹ نمبر  48 ، ایک کنال اور 4 مرلہ سے زائد رقبہ کا پلاٹ نمبر 49 ، ایک کنال اور 7 مرلہ سے زائد رقبے پر مشتمل پلاٹ نمبر 50  اور  ایک کنال اور 7 مرلہ سے زائد رقبے پر مشتمل پلاٹ نمبر 51 شامل ہیں ۔ نیب نے  ڈی جی ایکسائز کو شہبازشریف کی دولینڈ کروزرگاڑیوں کی خریدوفروخت روکنے کامراسلہ جاری  کیاہے ، ان میں لینڈ کروزر  ایل ای ایف 5100 جس کی رجسٹریشن  2008  جبکہ ایک لینڈ کروزر  ایل ای بی 1957 ہے جس کی رجسٹریشن 2010 کی ہے ۔ نیب نے ڈی سی ہری پورکوبھی شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے نام تین جائیدادیں منجمدکرنے کے لیے مراسلہ جاری کیاہے ، ہری پور میں شہباز شریف کی جائیدادوں میں پیر سوہاوہ میں واقع ایک کاٹیج  ، پیرسوہاوہ میں واقع ایک ولاز  ،اور پیر سوہاوہ میں ہی واقع ایک 6 مرلے کا پلاٹ شامل ہے ۔ نیب نے ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو  شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے نام  9 کنال سے زائد رقبے پر محیط  نشاط لاجز ، ڈونگا گلی کو بھی منجمد کرنے کا مراسلہ ارسال کر دیا ۔ شہبازشریف اوران کے اہل خانہ ان جائیدادوں کو نہ توفروخت کرسکیں گے اور نہ ہی کسی کومنتقل کرسکیں گے۔