Wednesday, April 24, 2024

نیب نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کی مختلف جائیدادوں کی خریدوفروخت پر پابندی لگا دی

نیب نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کی مختلف جائیدادوں کی خریدوفروخت پر پابندی لگا دی
July 17, 2019
 لاہور (92 نیوز) نیب نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور ان کے خاندان کی مختلف جائیدادوں کی خریدوفروخت پر پابندی لگا دی۔ جائیدادوں اور گاڑیوں کی ملکیت میں تبدیلی پربھی پابندی عائد کر دی۔ نیب نے شہبازشریف اور ان کی فیملی کی جائیدادیں منجمد کرنے کے لیے مراسلے تحریر کر دیئے ہیں۔ نیب نے ڈی جی ایکسائز کو شہباز شریف کی دو لینڈ کروزر گاڑیوں کی خریدوفروخت روکنے کا مراسلہ جاری کیا ہے۔ ڈی ایچ اے کو شہبازشریف کے فیز فائیومیں واقع دو گھر منجمد کرنے کا مراسلہ لکھا گیا ہے۔ ایل ڈی اے کو کے بلاک جوہر ٹاؤن میں واقع نو پلاٹ بھی منجمد کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ جوڈیشل ایمپلائز کواپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی میں چار پلاٹ منجمد کرنے کے لیےخط لکھا گیا ہے۔ نیب نے ڈی سی ہری پور کو بھی شہباز شریف کی تین جائیدادیں منجمد کرنے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہے۔ ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کو بھی شہباز شریف کی ایچ بلاک میں واقع دوجائیدادیں منجمد کرنے کے لیے خط لکھ دیا گیا۔ ایس ای سی پی کو شہباز شریف کی چودہ کمپنیاں منجمد کرنے کے لیے مراسلہ لکھا گیا ہے۔ ان کمپنیوں میں شریف پولٹری فارمز پرائیویٹ لمیٹڈ، شریف ڈیری فارمز، مدینہ کنسٹرکشن کمپنی، شریف فیڈملز اور کرسٹل پلاسٹک بھی شامل ہے۔ شہبازشریف اور ان کے اہل خانہ ان جائیدادوں کو نہ تو فروخت کر سکیں گے اور نہ ہی کسی کو منتقل کر سکیں گے۔