Friday, April 26, 2024

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کرلیا

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کرلیا
February 6, 2019
راولپنڈی  ( 92 نیوز) ایل این جی اسکینڈل  کی تحقیقات کے لئے نیب راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کرلیا ۔ شاہد خاقان عباسی بھی نیب کے ریڈار پر آگئے ،  ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو 8 فروری کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے ۔ نیب راولپنڈی بیورو نے بلاوے کا سندیسہ بھیج دیا ، پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی بلاوے کی  تصدیق کردی ۔ لیگی رہنما کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ  ایل این جی کیس میں تفتیش کیلئے 8 فروری کو صبح 10 بجے نیب راولپنڈی میں پیش ہوں ۔ نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔ شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ شوکت عزیز دوسری جانب  احتسب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم  شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔ اختیارات سے تجاوز کرنے کے ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔ ادھر چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق آئی جی خیبر پختونخوا نوید خان کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی ۔