Sunday, September 8, 2024

نیب نے خورشید شاہ کے اربوں مالیت کے اثاثوں کا سراغ لگالیا

نیب نے خورشید شاہ کے اربوں مالیت کے اثاثوں کا سراغ لگالیا
September 19, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب نے خورشید شاہ کے اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کا سراغ لگایا، پی پی رہنما نے خاندان کے افراد کے نام پر 105 بینک اکاؤنٹس کھولے ۔ کراچی، سکھر اور روہڑی میں خاندان اور فرنٹ مینوں کے نام پر  دو ہوٹل، دو فلور ملز، پٹرول پمپ اور 83جائیدادیں بنائیں۔خورشید شاہ پر بنگلے کیلئے رفاہی پلاٹ غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کا بھی الزام ہے۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ  497ارب روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے،نیب کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر نےخاندان کے افراد اور فرنٹ مینوں کے ناموں پرجائیدادیں بنائیں،83جائیدادیں فرنٹ مینوں کے نام پرنکلیں۔ خورشید شاہ نے پروفیسرز کواپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 2 ہزار930 مربع گز کا اسکول کا پلاٹ اپنے اہل خانہ کے نام غیر قانونی طور پر کرایا، سکھر ،کراچی اور دیگر شہروں میں خاندان کے نام پر 105 بینک اکاؤنٹ کھولے۔ شکار پور روڈ پر واقع 25 کروڑ روپے مالیت کا نیو تاج ہوٹل فرنٹ مین اعجاز بلوچ جبکہ روہڑی روڈ پر واقع کروڑوں روپے کا پٹرول پمپ بے نامی دار قاسم شاہ کے نام پر خریدا گیا ۔جونیجو فلور ملز اورمکیش فلور ملز بھی فرنٹ مینوں کے نام پر خریدی گئیں۔ سابق اپوزیشن لیڈرنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے پارٹنر عمر جان اور نواب اینڈ کمپنی کو بھاری ٹھیکے دلوائے اور مالی فائدہ اٹھایا۔ نیب کے مطابق خدشہ تھا خورشید شاہ کو گرفتار نہ کیا گیا تو بے نامی دار حقائق سے پردہ نہیں اٹھائیں گے،مفرور ہونے کا بھی خدشہ تھا جس کے باعث انہیں گرفتار کر لیا گیا ۔