Tuesday, April 23, 2024

نیب نے حمزہ شہباز کے بعد مزید 4 شخصیات کی گرفتاری کی تیاری کر لی، ذرائع

نیب نے حمزہ شہباز کے بعد مزید 4 شخصیات کی گرفتاری کی تیاری کر لی، ذرائع
June 12, 2019
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز) حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد نیب نے مزید چار شخصیات کو گرفتاری کرنے کیلئے تیاری کر لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق چار افراد میں سے دو حمزہ شہباز کے قریبی کاروباری ساتھی، ایک لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والا ایم این اے ا ور ایک معروف ڈویلپر شامل ہے ۔ حمزہ شہباز اور علی عمران کیلئے کام کرنیوالے محکمہ ریونیو کے دو افسر بھی نیب کے ریڈار پر آسکتے ہیں۔

حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستیں خارج، نیب نے گرفتار کر لیا

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی  ، حمزہ شہباز شریف کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی گئی  جس پر عدالت نے درخواستیں خارج کر دیں  جس پر رمضان شوگرملز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے حراست میں لے لیا۔ حمزہ شہباز کے وکیل سلمان بٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کہ نیب ان کے مؤکل کو بلا جواز گرفتار کرنا چاہتا ہے،عدالتی حکم کے برعکس نیب کی ٹیم نے چھاپے مارے،اگر گرفتاری کا کوئی نوٹس ہے تو ہمارے علم میں نہیں۔ نیب پراسیکیوٹرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز کو متعدد بار بلایا گیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے،شہباز شریف ، سلمان شہباز، حمزہ شہباز اور نصرت شہباز منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیےہمارے سامنےاس وقت صرف حمزہ شہباز کا کیس ہے اسی پر بحث کریں  ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دئیے کوئی کچھ بھی رائے رکھے  انصاف کے مطابق فیصلہ کریں گے،ہم صرف اللہ کو جواب دہ ہیں۔