Sunday, September 8, 2024

نیب نے حدیبیہ پیپر مل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

نیب نے حدیبیہ پیپر مل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
September 20, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ آخر کار نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کے فیصلے کےخلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں نئے شواہد سامنے آئے۔ مزید تحقیقات کی اجازت دی جائے۔

پانامہ کے معاملے سے نکلے نہیں تھے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ گلے پڑ گیا۔ نیب نے شریف خاندان کیخلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔

اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حقائق کو دیکھے بغیر مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں مقدمے سے متعلق نئے شواہد سامنے آئے ہیں۔ انہی شواہد کی روشنی میں اپیل دائر کی جارہی ہے جسے سماعت کےلئے منظور کیا جائے۔

اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قانونی معیاد میں اپیل دائر نہ کرنے کی قدغن ختم کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور نیب کو مزید تحقیقات کی اجازت دی جائے۔

نیب نے اپنی اپیل میں سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، شمیم اختر، صاحبہ شہباز اور حدیبیہ پیپر ملز کو بھی فریق بنایا ہے۔