Friday, April 26, 2024

نیب نے جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کے متعلق نجی چینل کی خبر کی سختی سے تردید کر دی

نیب نے جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کے متعلق نجی چینل کی خبر کی سختی سے تردید کر دی
May 24, 2019
لاہور (92 نیوز) نیب نے نجی ٹی وی چینل پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے متعلق نشر ہونے والی خبر کی تردید کر دی۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے خبر حقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ ہے۔ خبر کا مقصد چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نیب نے دباؤ اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھ کر اپنا کام کیا۔ بلیک میلر گروہ کے دو افراد کو گرفتار کیا اور اُن کے خلاف ریفرنسز کی منظوری بھی دی۔ بلیک میلر گروہ کے خلاف ملک بھر میں 42 مقدمات درج ہیں۔ ترجمان نیب کے مطابق گروہ کے لوگ نیب اور ایف آئی اے کے جعلی افسران بن کر شہریوں کو بلیک میل کرتے ہیں، گروہ کا سرغنہ فاروق کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے۔ نیب ترجمان نے مزید کہا کہ نجی ٹی وی نے اپنی خبر کی تردید کی اور اسے حقائق کے منافی تسلیم کیا ہے، چینل انتظامیہ نے چیئرمین نیب سے دل آزاری پر معذرت بھی کی ہے۔ دوسری طرف صدر مسلم لیگ نون شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں چیئرمین نیب کے معاملے پر لاتعلق رہنے کا اعلان کیا ہے۔ کہتے ہیں ن لیگ کا کسی بھی شخص کی ذاتی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں۔ پارٹی اپنے سیاسی اور قانونی بیانیے سے جڑی رہے گی اور نیب سے متعلق اپنے تحفظات کا ہر فورم پر اظہار کرتے رہیں گے۔