Saturday, April 20, 2024

آغا سراج درانی گرفتار، احتساب عدالت نے راہداری ریمانڈ پر دیدیا

آغا سراج درانی گرفتار، احتساب عدالت نے راہداری ریمانڈ پر دیدیا
February 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کر کے احتساب عدالت پیش کیا جہاں عدالت نے  تین روزہ راہداری ریمانڈ کی منظوری دیدی۔ نیب کراچی کی ٹیم نے آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے حراست میں لے کر نیب راولپنڈی منتقل کیا جہاں سے انہیں احتساب عدالت پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے  کہا گیا کہ آغا سراج درانی کیخلاف کراچی میں اثاثہ جات ریفرنس زیر سماعت ہیں ، ملزم کو 7 روزہ راہداری ریمانڈ پر دیا جائے ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ سات روزہ ریمانڈ کیوں مانگا جا رہا ہے ، ملزم کو تین دن میں   پیش کریں ۔ احتساب عدالت نے ملزم کا طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم دیا۔ آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے ، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے  اور سرکاری فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے ۔ مقابل چینل 92 نیوز کے شہرہ آفاق پروگرام مقابل میں اس گرفتاری سے متعلق خبر گزشتہ روز ہی ناظرین تک پہنچا دی گئی تھی ۔ سینئر تجزیہ نگار اور دور اندیش عامر متین نے ناظرین کو خبر دی تھی کہ  سندھ کے اندر بڑی گرفتاریاں ہونے جا رہی ہیں آج رات یا آئندہ 24 گھنٹے میں اہم گرفتاری ہونے والی ہے ۔ شہلا رضا پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شہلا رضا نے  معاملے پر 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا قانون ڈکٹیٹر کا قانون ہے، ہم سادہ اکثریت سے اس کو بدل نہ سکے،میں یہ سمجھتی ہوں نیب کے قانو ن کو ہونا ہی نہیں چاہئے تھا، یہ قانون آئین سے متصادم ہے۔ رہنما پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ  کچھ لوگ اپنی طرف سے پیپلزپارٹی کے گرد گھیرا تنگ کرنا چاہتے ہیں ،آج جو لوگ خوش ہو رہے ہیں کل ان کی باری ہے، پیپلزپارٹی گھبرانے والی نہیں،مقدمات کا سامنا کریں گے۔