Sunday, May 12, 2024

نیب نے افضل کھوکھر،سیف الملوک کھوکھر کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں

نیب نے افضل کھوکھر،سیف الملوک کھوکھر کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں
January 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نیب نے افضل کھوکھر اور  سیف الملوک کھوکھر کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں ۔ کھوکھر برادرن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ذرائع کےمطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے ایم این اےمحمد افضل کھوکھر اور ایم پی اےسیف الملوک کھوکھر کی اثاثوں کی تفصیلا ت حاصل کرلیں ۔ نیب نے ایل ڈی اے ،ایف بی آر اور دیگر اداروں سے دونوں بھائیوں کی جائیداد کا ریکارڈ حاصل کیا ، ذرائع کے مطابق ایم این اے محمدافضل کھوکھر کے نام پرمجموعی طور پر 295 کنال آٹھ مرلہ زمین ہےجسکی مالیت نوکروڑ 28 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے ۔ سترہ کنال پر مشتمل نیاز بیگ پیلس،موضع جھیدو میں 39 کنال 8 مرلے زرعی زمین اور موضع مال میں 229 کنال زرعی زمین افضل کھوکھر کے نام  ہے ۔ سیف الملوک کھوکھر کے نام پرکل 902 کنال 15 مرلے کی قیمتی زمین ہے ۔  ذرائع کے مطابق  دونوں بھائیوں کے پاس کڑوروں روپے کے پرائز بانڈز اور مختلف بینکوں میں کروڑوں روپے ہیں ۔ نیب کی جانب سے متعلقہ اداروں سے حاصل ہونے والے ریکارڈ کا جائزہ لیا جارہا ہے، جلد دونوں بھائیوں کو نیب میں طلب کر کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔