Friday, April 19, 2024

نیب منی لانڈرنگ اور وائٹ کالر کرائم کیسز کو میرٹ پر نمٹانے کیلئے پر عزم ہے ، چیئرمین نیب

نیب منی لانڈرنگ اور وائٹ کالر کرائم کیسز کو میرٹ پر نمٹانے کیلئے پر عزم ہے ، چیئرمین نیب
October 18, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا نیب منی لانڈرنگ اور وائٹ کالر کرائم کیسز کو میرٹ پر نمٹانے کیلئے پر عزم ہے۔ ترجمان نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب منی لانڈرنگ، میگا کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کیسز کو شفافیت اور میرٹ پر نمٹانے کیلئے پر عزم ہے۔ جنہوں نے کروڑوں اور اربوں روپے کی کرپشن کی ہے ان کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے جو کہ نیب کی شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے ۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیب آرڈیننس 1999 کے اقتباس میں نیب کو بدعنوانی کے خاتمہ اور لوٹی گئی رقم وصول کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ نیب اعلامیہ میں بتایا گیا کہ نیب نے اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 466 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔