Sunday, September 8, 2024

نیب لاہور نے نوازشریف کو 21 اپریل کو طلب کر لیا

نیب لاہور نے نوازشریف کو 21 اپریل کو طلب کر لیا
April 16, 2018
لاہور (92 نیوز)  1998  میں رائیونڈ جاتی امرا تک سڑک  کی تعمیر کے معاملے پر نیب لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 21 اپریل کو طلب کر لیا ۔نیب کی کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے طلبی کا سمن جاری کر دیا گیا  ۔ حکمران جماعت کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں  لے رہیں ، کبھی پانامہ کا شور ہرسو سنائی دیتا ہے تو کبھی پنجاب میں کرپشن کے کیسزپر نیب تحقیقات کے لیے متحرک نظر آتی ہے  ۔ اب نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو  1998 میں دوسرے اداروں کے فنڈز کو جاتی امرا سڑک کی تعمیر میں استعمال کرنے پرطلب کر لیا ۔ نیب لاہور کے مطابق نواز شریف نے بطور وزیراعظم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سڑک کو 20 فٹ سے بڑھا کر 24 فٹ کروایا،جس  سے منصوبے کی لاگت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا تو وہیں منصوبے کی تکمیل کے لیے ضلع کونسل کے بہت سے منصوبے بھی بند کرنے پڑے جس کی وجہ سے عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ سال 2000؁  میں فائل کیے گئے  اس کیس کے مطابق 12 کروڑ 56لاکھ سے زائد کی کرپشن کی گئی  جبکہ اس  کیس پر انکوائری  2016 تک التوا کا شکار بھی رہی ۔ نیب ذرائع کے مطابق تفتیش کو مکمل کرنے کے بعد کرپشن ریفرنس احتساب عدالت  لاہور میں دائر کیا جائے گا۔ طلبی کا نوٹس چسپاں کرنے کےلئے اہلکار جاتی امرا پہنچے تو سکیورٹی اہلکاروں نے اندرجانے سے روک دیا۔