Saturday, April 27, 2024

نیب لاہور نے حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کرا دیا

نیب لاہور نے حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کرا دیا
April 6, 2019

 لاہور (92 نیوز) نیب لاہور نے حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کرادیا۔ مقدمہ نیب ڈرائیور ممتاز حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

 کار سرکار میں مداخلت ،توڑ پھوڑ اور دھمکیوں کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کی رہائشگاہ پہنچے تو گارڈز نے اسلحہ تان لیا، مجھے زدوکوب کرکے گاڑی سے نیچے اتار لیا، جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

 نیب ٹیم نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے 96 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہبازشریف کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ دو ہائی ایس وینز، ویگو ڈالے اور دیگر سرکاری گاڑیوں پر مشتمل نیب ٹیم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر پہنچی۔ اس موقع پر سکیورٹی گارڈز کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔

نیب کے چھاپے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی تھی۔ کال پر لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد چھیانوے ایچ ماڈل ٹاؤن کے باہر پہنچ گئی تھی۔ 

 کارکنوں نے گیٹ پر ہی دھرنا دے دیا، سخت نعرہ بازی بھی کی۔ لیگی کارکن گرفتاری میں ڈھال بن گئے، گاڑیوں کے آگے لیٹ گئے، کارسرکار میں مداخلت کرتے ہوئے نیب اہلکار کے کپڑے پھاڑ ڈالے۔

 نیب ٹیم ایک گھنٹے سے زائد تک شہباز شریف کی رہائش گاہ کے اندر موجود رہی۔ چھاپے کے دوران حمزہ شہباز اور شہباز شریف گھر میں موجود تھے۔ نیب اہلکاروں سے حمزہ شہباز اور شہباز شریف کی تلخ کلامی ہوئی۔ شہباز شریف نے اسی دوران فون پر رابطے بھی کیے۔

 چھاپہ مار ٹیم کے شہباز شریف اور حمزہ سے مذاکرات ہوئے، تاہم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ایک کاغذ پر دستخط لینے کے بعد نیب ٹیم کسی بھی گرفتاری کے بغیر واپس لوٹ گئی۔