Friday, March 29, 2024

نیب ریفرنسز کیس، نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر عدالت پیش ہو گئے

نیب ریفرنسز کیس، نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر عدالت پیش ہو گئے
November 22, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) نیب ریفرنسز کیس میں نواز شریف حاضری سے استثنیٰ لے کر بھی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ۔ خواجہ حارث کی جانب سے مزید تین گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی ۔
نیب ریفرنسز کے معاملے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز شریف اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت شروع کی توگواہان محمد رشید مظہر رضا بنگش اور شہباز حیدر نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے ۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہان پر جرح مکمل کرلی ۔ دوران جرح ان کا نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر کے ساتھ گرما گرمی بھی ہوئی۔
نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ آپ گواہ کو کنفیوژ کررہے ہیں ۔ خواجہ حارث بولے آپ کی بے جا مداخلت پر اعتراض ہے ۔ درمیان میں لقمہ نہ دیا کریں ۔
فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ نے لڑنا ہے تو ہم یہاں سے چلے جاتے ہیں ۔ دوران سماعت نوازشریف اور ان کی صاحبزادی نے حاضری سے استثنیٰ کی تاریخ تبدیل کرنے کےلئے درخواست بھی دی ۔ مریم نواز نے استثنیٰ 5 دسمبر سے 5 جنوری تک کےلئے مانگا۔

گزشتہ سماعتوں کے برعکس اس بار نوازشریف کے چہرے پر مسکراہٹ بکھری رہی ۔ کمرہ عدالت میں وہ صحافیوں کے ساتھ مزاح سے بھرپور جملوں کا تبادلہ بھی کرتے رہے ۔ 92نیوزکے رپورٹر شاہ خالد خان کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آپ کی جیب سے کچھ گر رہا ہے ۔ اپنے بٹوے کو سنبھال کر رکھیں ۔ کسی نے نکال لیا تو الزام نوازشریف پر ہی آئیگا۔
دوسری جانب مریم نوازکواپنے شوہر کیپٹن(ر) صفدرکی یاد ستاتی رہی ۔ کیپٹن(ر) صفدر کے نہ پہنچنے پر مریم نواز بار بار کہتی رہیں کہ کوئی ”ان“سے پوچھ لے کہ وہ کہاں ہیں ۔ کب تک پہنچیں گے ۔