Monday, September 16, 2024

نیب ریفرنسز: لندن فلیٹس سے متعلق دائر ضمنی ریفرنس منظور

نیب ریفرنسز: لندن فلیٹس سے متعلق دائر ضمنی ریفرنس منظور
January 30, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت میں لندن فلیٹس سے متعلق دائر ضمنی ریفرنس منظور ہو گئے ۔
نیب ریفرنس پر سابق وزیر اعظم نواز شریف ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کے ہمراہ آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ پراپرٹیز کے ضمنی ریفرنس پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز میں دائر ضمنی ریفرنسز پر اعتراضات اٹھائے جنہیں عدالت نے مسترد کر دیا ۔
نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ضمنی ریفرنس میں کوئی نئی بات شامل نہیں ۔ واجد ضیا کے بھتیجے اور فرانزک ایکسپرٹ کے بیانات کی روشنی میں ضمنی ریفرنس دائر کیا گیا ۔ ضمنی ریفرنس پر باہمی قانونی مشاورت کے لیے لکھے گئے خطوط کے تاحال جوابات موصول نہیں ہوئے ۔
ادھر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ نئے شواہد سامنے آئے ہیں ۔
نیب مقدمات پر مزید کارروائی میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نیب کے گواہ اور دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر آفاق احمد کا بیان قلمبند کیا گیا ۔
آفاق احمد نے بتایا کہ قطری شہزادہ حمد بن جاسم کی طرف سے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کو لکھا گیا خط شہزادے کے سیکرٹری نے پاکستانی سفارتخانے کو دیا ۔
دوسری طرف نیب کے ڈپٹی پراسکیوٹر سردار محمد مظفر نے عدالت کو بتایا کہ وہ آئندہ سماعت پر پانچ گواہان پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ سیکورٹی مسائل کے پیش نظر دو غیر ملکی گواہوں کے ویڈیو لنک بیان کیلئے ایک اور درخواست بھی دائر کی گئی ۔
احتساب عدالت نے آئندہ سماعت 2 فروری کو استغاثہ کے پانچ گواہان طلب کر لئے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر سمیت باقی 5 گواہان 6 فروری کو پیش ہوں گے ۔
ادھر پیشی کے بعد سابق وزیر اعظم نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب کورٹ، ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ ہر جگہ نوازشریف کا کیس چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی ریفرنس میں کوئی نئی چیز نہیں ۔
دوسری طرف ان کے وکیل بولے کہ ضمنی ریفرنس میں استغاثہ تسلیم کر رہا ہے کہ اس کا پہلا کیس کمزور تھا ۔