Friday, April 19, 2024

نیب ریفرنسز : عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 3 گواہ طلب کر لیے

نیب ریفرنسز : عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 3 گواہ طلب کر لیے
January 16, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں آئندہ سماعت پر مزید 3 گواہ طلب کر لیئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ عمر دراز کے بیان قلمبند کرانے کے بعد خواجہ حارث نے جرح کے دوران کہا کہ علیحدہ علیحدہ رسیدیں جمع کرانے کے حوالے سے گواہ کے بیان میں تضاد ہے۔ گواہ غلط بیانی کر رہا ہے۔ جب پکڑا جاتا ہے تو درمیان میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر بول دیتے ہیں۔
اس پر نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ حارث بار بار ایک ہی سوال کر کے گواہ کو کنفیوژ کر رہے ہیں۔
ادھر فلیگ شپ ریفرنس میں دوسرے گواہ ناصر جنجوعہ نے بھی اپنا بیان قلمبند کرایا۔ ریکارڈ سپریم کورٹ میں ہونے کی وجہ سے گواہ آفاق احمد کا بیان قلمبند نہ ہو سکا۔
نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کو طلب کرنے کی استدعا کی جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ واجد ضیاء کو آئندہ سماعت پر بلا لیتے ہیں۔
دوسری طرف خواجہ حارث نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ مشترکہ گواہان کے بیانات ایک ہی دفعہ ریکارڈ کرائے جائیں۔ پہلے استغاثہ کے دیگر گواہان کے بیانات قلمبند کئے جائیں۔
عدالت نے خواجہ حارث کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید 3 گواہان آفاق احمد ، عزیر ریحان اور غلام مصطفی کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی۔