Thursday, May 2, 2024

نیب ریفرنسز: شریف خاندان کیخلاف مزید 2 گواہان کے بیانات قلمبند

نیب ریفرنسز: شریف خاندان کیخلاف مزید 2 گواہان کے بیانات قلمبند
January 3, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کےخلاف احتساب کا عمل جاری۔ نوازشریف کی احتساب عدالت میں ایک اور پیشی۔ مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ استغاثہ کے دو گواہان کے بیان قلمبند کر لئے۔ عدالت نے نو جنوری کو مزید چھے گواہوں کو طلب کر لیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر پیش ہوئے۔

فلیگ شپ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ کمشنر ان لینڈریونیو محمد تسلیم نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ وہ نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے۔ نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کے انکم ٹیکس کا ریکارڈ فراہم کیا۔

ان لینڈ ریونیوافسر فضاء بتول نے ان کی موجودگی میں ریکارڈ کی تصدیق نہیں کی۔ تفتیشی افسر نے بھی ان لینڈ ریونیو افسر کے سامنے کوئی سوال نہیں کیا۔

استغاثہ کے دوسرے گواہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب زاور منظور نے ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق ریفرنس میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ وہ تفتیشی افسر کے سامنے 6 ستمبر2017ء کو پیش ہوئے۔

سدرہ منصور کا بیان ان کی موجودگی میں ریکارڈ کیا گیا۔ ریکارڈ اصل اور تصدیق شدہ تھا۔ بطور گواہ انہوں نے دستخط بھی کئے۔

دونوں گواہان کے بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کے وکلاءنے ان پر جرح مکمل کی۔

عدالت نے محمد تسلیم سمیت عمر دراز، محمد عزیر، محمد زبیر اور سدرہ منصور کو طلب کرتے ہوئے سماعت 9 جنوری تک ملتوی کردی۔