Friday, April 19, 2024

نیب ریفرنس: اسحاق ڈار کے ضامن کی منقولہ جائیداد کی قرقی کا حکم

نیب ریفرنس: اسحاق ڈار کے ضامن کی منقولہ جائیداد کی قرقی کا حکم
December 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے ضامن کی منقولہ جائیداد کی قرقی کا حکم دے دیا ہے۔
  اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کے سماعت ہوئی۔ سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ محمد عظیم عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا جب کہ دوسرے گواہ فیصل شہزاد غیر حاضر رہے۔
گواہ عظیم نے اسحاق ڈار اور فیملی کے 3 بینک اکاؤنٹس کی کمپیوٹر سے نکالی گئی تفصیلات عدالت میں پیش کی۔
گواہ نے عدالت میں بتایا کہ اسحاق ڈار کا پہلا اکاؤنٹ اکتوبر 2001 تا اکتوبر 2012 تک فعال رہا جبکہ ان کا دوسرا اکاؤنٹ اگست 2012 تا دسمبر 2016 تک فعال رہا اور تیسرا اکاؤنٹ جنوری 2017 سے اگست 2017 کے درمیان فعال رہا۔
اس کے علاوہ گواہ نے اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے نام پر لاکر کے ریکارڈ سمیت ہجویری ہولڈنگ کمپنی کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کیں۔
  دوسری جانب آج گواہ عبد الرحمان نے اسحاق ڈار کی 2005 سے 2017 تک کی آمدن کا ریکارڈ فراہم کر دیا جس کے بعد عدالت نے گواہ عبد الرحمان گوندل اور مسعود غنی کو جانے کی اجازت دے دی۔
اس کے بعد نیب پراسیکیوشن نے آئندہ سماعت پر 9 گواہوں کو پیش کرنے کی استدعا کی تاہم احتساب عدالت نے 5 گواہوں کی طلبی کے سمن جاری کر دیے۔
عدالت نے نیب کو ضامن کی جائیداد کی تفصیلات معلوم کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔