Saturday, April 20, 2024

نیب راولپنڈی نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کردیا

نیب راولپنڈی نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کردیا
March 19, 2019

راولپنڈی (92 نیوز ) نیب راولپنڈی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کر دیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایک مرتبہ پھر نیب کے ریڈار پر آگئے ، نیب راولپنڈی نے ایک اور انکوائری کھول دی ۔

شہباز شریف کے خلاف وزیراعظم کا جہاز استعمال کرنے کی شکایات کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ۔ بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم کا جہاز استعمال کیا۔

قومی احتساب بیورو نے الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ۔

قومی احتساب بیورو کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو خط بھی لکھ دیا جس میں سال 2014 سے 2018 تک وزیراعظم کے جہاز کے استعمال کا ریکارڈ دینے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کیخلاف مزید شواہد حاصل کر لیے ۔ذرائع کے مطابق نیب کو شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی اورنصرت شہباز کے اثاثوں کی تفصیلات بھی  موصول ہوگئیں۔

 ذرائع کے مطابق نصرت شہباز 12 کمپنیوں میں 69 لاکھ 56 ہزار 500 شیئرز کی مالک  ہیں ، نصرت شہباز کے شیئرز کی مالیت 87 لاکھ 85 ہزار روپے ہے۔

دستاویزات کے مطابق ماڈل ٹاؤن کی رہائشگاہ اور مری کا گھر بھی نصرت شہباز کے نام ہیں، شہبازشریف نے تہمینہ درانی کو 8 قیمتی جائیدادیں تحفے میں دے رکھی ہیں۔