Tuesday, May 21, 2024

نیب ترمیمی آرڈیننس، پٹیشنر کو تیسرے ترمیمی آرڈیننس کی روشنی میں نئی پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت

نیب ترمیمی آرڈیننس، پٹیشنر کو تیسرے ترمیمی آرڈیننس کی روشنی میں نئی پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت
November 10, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب ترمیمی آرڈی نینس کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے پٹیشنر کو تیسرے ترمیمی آرڈی نینس کی روشنی میں نئی پٹیشن دائر کرنے کی ہدائت کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نیب ترمیمی آرڈی نینس کے خلاف شہری عبدالطیف قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے جی ایم چودھری ایٖڈووکیٹ جبکہ وفاق کی طرف سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل قاسم ودود عدالت میں پیش ہوئے ۔

چیف جسٹس نے کہا آپ نے نیب ترمیمی آرڈی نینس چیلنج کیا تھا جس کے بعد ایک اور آرڈی نینس آ گیا ہے۔ اب تو آپ کی درخواست ہی غیر موثر ہو گئی۔ آپ کو اس پٹیشن میں بھی ترمیم کرنی پڑے گی۔ آپ نئی پٹیشن دائر کر دیں کیونکہ اب نئے ترمیمی آرڈی نینس میں کچھ نئی چیزیں بھی آئی ہیں۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کر کے کہا لگتا ہے کہ اس پٹیشن کی وجہ سے آپ نے ایک اور آرڈی نینس جاری کیا۔