Friday, April 19, 2024

نیب ترمیمی آرڈیننس میں چیئرمین نیب کا دائرہ اختیار محدود کردیا گیا

نیب ترمیمی آرڈیننس میں چیئرمین نیب کا دائرہ اختیار محدود کردیا گیا
October 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیب ترمیمی آرڈیننس میں چیئرمین نیب کا دائرہ اختیار محدود کردیا گیا۔ آرڈیننس میں ترمیم سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی احسن اقبال کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ کون کون سے کیسز ختم یا ٹرانسفر ہوں گے فیصلہ “ریویو میٹنگ” میں ہو گا۔

نیب آرڈیننس میں بڑی ترمیم، بڑی شخصیات کو بڑے فائدے، ہائی پروفائل نیب کیسز ختم ہونے کا امکان ہے؟۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی سمیت تمام فورمز سے منظوری لے چکے منصوبوں پر نیب کا دائرہ اختیار ختم ہونے سے بڑوں بڑوں کو فائدہ مل سکتا ہے۔ احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی کیس، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نوری آباد پاور پلانٹ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ریفرنس میں فائدہ ملنے کا امکان ہے۔

کون کون بینفشریز ہونگے اس بارے میں حتمی فیصلہ آرڈیننس کی عدالتی تشریحات پر منحصر ہے۔ آرڈیننس میں نئی شق شامل ہونے کے بعد نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس بھی واپس لیا جا سکے گا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آرڈیننس کی کاپی ملنے پر نیب تمام کیسز کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ کون کون سے کیسز ختم یا ٹرانسفر ہوں گے فیصلہ “ریویو میٹنگ” میں ہو گا۔

نیب ذرائع کے مطابق کئی ہائی پروفائل کیسز میں ایک سے زائد نوعیت کے الزامات موجود ہیں۔ توشہ خانہ کیس میں جعلی اکاؤنٹس سے ادائیگیوں کا بھی الزام ہے۔ دوسری جانب اندرون اور بیرون ملک اثاثوں پر نیب کا دائرہ اختیار برقراررہنے سے آصف زرداری کیخلاف نیویارک پراپرٹی کیس تحقیقات متاثر نہیں ہوں گی۔ ‏تمام بڑی شخصیات کیخلاف نیب کیسز کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کی شق نمبر 9 کی ذیلی شقوں چار، پانچ اور چھ کے ہیں۔ حتمی ڈرافٹ میں ان تینوں شقوں سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی۔